کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیاں
کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیاں(سی آر اے) توانا اور صحت مند ڈِیٹ کیپٹل مارکیٹ کا لازمی حصّہ ہیں۔کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں(سی آر اے) کا انضباط(ریگولیشن) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج آرڈیننس، ۱۹۶۹ کی دفعہ B۳۲، کریڈٹ ریٹنگ کمپنیوں کے قواعد، ۱۹۹۵ اور کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کے لئے ضابطۂ اخلاق مورخہ ۱۳ جنوری ۲۰۱۴ کے تحت ہوتا ہے۔اس وقت پاکستان میں دو سی آر اے کام کر رہے ہیں، پاکستان کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی لمیٹڈ (پاکرا) اور جے سی آر-وی آئی ایس کریڈٹ ریٹنگ کمپنی لمیٹڈ۔
رجسٹریشن
کریڈٹ ریٹنگ کمپنیات کے قواعد، ۱۹۹۵ (قواعد) کے قاعدہ ۳ میں بیان کردہ معیارِ اہلیت پر پورا اترنے والے اشخاص کی جانب سے رجسٹریشن کے لئے دی جانے والی درخواست کمیشن کو قواعد کے فارم I کے ضمیموں میں صراحت کردہ تمام دستاویزات اور ایک لاکھ روپےناقابل واپسی فیس ادائیگی رسید کے ہمراہ فارم I پر جمع کرائی جائے گی۔
کمیشن ، رجسٹریشن کے لئےدرخواست پر غور کرتے وقت، درخواست گزار سے اس کی سرگرمیوں اور کاروباروں کے حوالے سے ایسی مزید معلومات یا وضاحت پیش کرنے کا مطالبہ کر سکتا ہے جو وہ مناسب سمجھے۔
تجدید
رجسٹریشن کی تجدید کے لئے، کریڈٹ ریٹنگ کمپنی، رجسٹریشن کے اختتام کی تاریخ سے تین ماہ قبل، کمیشن کواڑھائی لاکھ روپے ناقابل واپسی فیس ادائیگی رسید کے ہمراہ فارمIII پر درخواست دے گا ۔اگر کمیشن مطمئن ہو کہ درخواست گزار رجسٹریشن کی مطلوبات پر ابھی بھی پورا اترتا ہے اور رجسٹریشن کی تجدید کا اہل ہےتو وہ کریڈٹ ریٹنگ کمپنی کی رجسٹریشن کی تجدید کرے گا اور فارم IV پر درخواست گزار کو رجسٹریشن کی تجدید کا سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔